بھارتی انتخابات میں 22 مسلمان امیدوار کامیاب
حتمی نتائج تک مزید تین ارکان کی کامیابی کا امکان ہے، بی جے پی کا کوئی بھی مسلم امیدوار کامیاب نہیں ہوسکا۔
بھارت کے ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے 17 ویں انتخابات کے غیر حتمی نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جن کے تحت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری حاصل کرتے ہوئے دوبارہ حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی ہے۔
بی جے پی کی شہرت میں گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں اس بار اضافہ دیکھنے میں آیا، تاہم حیرت کی بات ہے کہ بی جے پی کا ایک بھی مسلم امیدوار تاحال کامیاب نہیں ہوسکا۔
علاوہ ازیں اس بار لوک سبھا کے لیے 2014 کے مقابلے بھی کم مسلمان امیدوار منتخب ہوئے ہیں، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ حتمی اعلان تک مسلمان امیدواروں کی تعداد میں کچھ اضافہ ہوسکتا ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق اس بار لوک سبھا کے لیے زیادہ سے زیادہ 25 مسلمان امیدواروں کے کامیاب ہونے کا امکان ہے، تاہم اب تک 22 مسلمان امیدواروں کی کامیابی کی غیر حتمی تصدیق کی جا چکی ہے۔