راہول گاندھی کو سمرتی ایرانی سے شکست
کانگریس کے صدر وزیر اعظم کے امیدوار تھے اور سمرتی ایرانی ان کے مقابلے کم معروف سیاستدان سمجھی جاتی ہیں۔
بھارت میں 17 ویں لوک سبھا کے انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) 350 نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔
نستوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) ہے جس نے 85 سے زائد نشستیں حاصل کی ہیں۔
لوک سبھا انتخابات کے دوران کئی اپ سیٹ ہوئے اور کئی نامور شخصیات انتخابات ہار گئیں۔
تاہم لوک سبھا کا سب سے بڑا اپ سیٹ کانگریس کے صدر اور وزیر اعظم کے امیدوار راہول گاندھی کی بی جے پی کی ایک عام امیدوار سے شکست کو قرار دیا جا رہا ہے۔
راہول گاندھی کو بی جے پی کی امیدوار اور وفاقی وزیر و سابق اداکارہ سمرتی ایرانی نے شکست دے کر کئی سیاسی تجزیہ نگاروں کے تجزیوں کو ہی غلط ثابت کردیا۔