پاکستان کے 2 روزہ دورے پر پہنچنے والے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے امریکا کے ساتھ جاری حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اعلیٰ سول اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
وزیر اعظم عمران خان سے جواد ظریف کی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
آرمی چیف سے ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے جنرل ہیڈکوارٹرز میں بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے کہا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور تمام فریقین کو تنازع کو خطے سے دور رکھنے کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا شاندار استقبال
پاکستان پہنچنے پر ایرانی وزیر خارجہ کا استقبال اسلام آباد میں ایرانی سفیر مہدی ہنردوست اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے کیا جس کے بعد وہ دفتر خارجہ پہنچے اور وزیر خارجہ شاہ محمد قریشی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔