پاکستان

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے مزید 4 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی

بدعنوانی کے تدارک اور لوٹی ہوئی دولت نکلوانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے, چیئرمین نیب

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے مزید 4 کرپشن ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سابق پریس انفارمیشن افسر چوہدری رشید احمد، بینک آف پنجاب کے سابق صدر نعیم الدین خان، کراچی پورٹ ٹرسٹ آفیسرز کووآپریٹنگ ہاؤسنگ سوسائٹی کے سیکریٹری گلاب خان اور سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل منظور قادر کے خلاف ریفرنس کی منظوری دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی سربراہی چیئرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے کی جس میں کچھ بیوروکریٹس اور عوامی نمائندوں کے خلاف 3 تحقیقات کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: سندھ کے سابق صوبائی وزیر کے خلاف نیب ریفرنس کی منظوری

نیب کے مطابق چوہدری رشید اور دیگر کے خلاف اختیارات سے تجاوز کر کے مبینہ طور پر ایک اشتہاری ایجنسی کے لیے قومی خزانے سے 2 کروڑ 85 لاکھ روپے نکلوانے پر ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ نعیم الدین خان اور دیگر کے خلاف اختیارات کا ناجائز استعمال کر کے اندرونی ٹریڈنگ کے ذریعے بینک آف پنجاب کے شیئرز خریدنے اور خزانے کو ایک کروڑ 3 لاکھ 85 ہزار کا نقصان پہنچانے پر ریفرنس دائر کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں گلاب خان اور دیگر کے خلاف سرکاری زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر ریفرنس کی منظوری دی گئی جس سے قومی خزانے کو ایک کروڑ 10 لاکھ روپے کا نقصان پہنچا۔

مزی پڑھیں: نیب کی سابق مشیر ہوا بازی مہتاب احمد کےخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

اجلاس میں متعلقہ حکام نے منظور قادر اور دیگر کے خلاف کراچی میں سرکاری زمین غیر قانونی طور پر ایک نجی فرم کو الاٹ کرنے پر ریفرنس فائل کرنے کی منظوری دی جس سے خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان پہنچا تھا۔

اس کے ساتھ ذرعی ترقیاتی بینک کے سابق چیف آپریٹنگ آفیسر سید طلعت محمود، رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال، وزیراعلیٰ پنجاب کے سابق چیف سیکریٹری امداداللہ بوسل اور زرداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف بھی ریفرنس فائل کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ناکافی ثبوت نہ ہونے کی بنا پر پنجاب رینیوایبل انرجی کمپنی لمیٹڈ اور قائداعظم ونڈر پاور کمپنی کے خلاف انکوائری بند کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلا ریفرنس دائر، 60 کروڑ روپے کا پلاٹ نیب کے حوالے

اس موقع پر چیئرمین نیب کا کہنا تھا کہ انکوائریوں کا آغاز الزامات کی بنیاد پر کیا گیا ہے نیب دونوں اطراف کی معلومات جان کر ہی کارروائی آگے بڑھائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میگا کرپشن کیسز کا انجام نیب کی اولین ترجیح ہے جو احتساب سب کا کے نعرے پر عمل پیرا ہے اور بدعنوانی کے تدارک اور لوٹی ہوئی دولت نکلوانے کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ ملک میں ہونے والی تمام خرابیوں کی جڑ کرپشن ہے اور بدعنوانی کا خاتمہ تمام پاکستانیوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔