دنیا

علاقائی امن و ترقی کو ہمیشہ فوقیت دی، مودی کا عمران خان کو جواب

انتخابی کامیابی میں جیت پر آپ کی مبارکباد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، بھارتی وزیر اعظم

بھارتی لوک سبھا کے انتخابات میں مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کرنے والے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب عمران خان کے مبارکباد کے پیغام پر اظہار تشکر کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جوابی ٹویٹ میں نریندر مودی نے کہا کہ 'انتخابی کامیابی میں جیت پر آپ کی مبارکباد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔'

ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے علاقائی امن و ترقی کو ہمیشہ فوقیت دی ہے۔'

واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے خطے میں امن و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کی امید ظاہر کی تھی۔

وزیر اعظم نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادیوں کی کامیابی پر میں وزیراعظم نریندر مودی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں اور جنوبی ایشیا میں امن اور خطے کی ترقی و خوشحالی کے لیے ان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرامید ہوں۔'

بھارت میں لوک سبھا ( ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) واضح برتری کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

بھارتی الیکشن کمیشن کے غیر حتمی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی لوک سبھا کی 152 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکی ہے، جبکہ 151 پر اسے برتری حاصل ہے۔