فیس بک نے تصدیق کی ہے کہ 2020 سے اس کی زیرملکیت ایپ میں اشتہارات اسٹیٹس کے سیکشن میں نظر آئیں گے۔
سوشل میڈیا نیٹ ورک کی جانب سے یہ اعلان فیس بک کی سالانہ مارکیٹنگ کانفرنس میں کیا گیا جس کا انعقاد گزشتہ دنوں نیدرلینڈ میں ہوا۔
کانفرنس میں موجود بی کنکٹ ڈیجیٹل مارکیٹنگ ایجنسی کے اولیور پونٹے ویلی نے مختلف ٹوئیٹس میں تصاویر پوسٹ کیں جن میں دکھایا گیا کہ اس ایپ میں اشتہارات کس طرح نظر آئیں گے۔
جیسا آپ نیچے تصویر میں بھی دیکھ سکتے ہیں کہ انسٹاگرام یا فیس بک کے مقابلے میں واٹس اسٹیٹس میں اشتہارات پوری اسکرین پر پھیل جائیں گے، جیسا واٹس ایپ میں عام اسٹیٹس ہوتا ہے مگر وہاں ٹاپ پر کانٹیکٹ کے نام کی بجائے کمپنی کا نام نظر آئے گا۔
اشتہار میں مزید معلومات کے لیے اسے سوائپ کیا جاسکے گا (اگر کسی کو دلچسپی ہوئی تو)۔