پاکستان

کراچی: گلشن معمار میں زمین کے تنازع پر فائرنگ، 3 افراد ہلاک

دو خاندانوں کے درمیان زمین کا تنازع خونی صورت اختیار کر گیا اور ناردرن بائی پاس پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی، پولیس

شہر قائد کے علاقے گلشن معمار میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق دو خاندانوں کے درمیان زمین کا تنازع خونی صورت اختیار کر گیا اور ناردرن بائی پاس پر انڈس ٹاؤن کے قریب دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی جس سے 5 افراد شدید زخمی ہوئے۔

زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاہم عباسی شہید ہسپتال کے ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر سلیم شیخ کا کہنا تھا کہ ہسپتال لائے گئے 4 زخمیوں میں سے تین راستے میں دم توڑ چکے تھے، جبکہ ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زخمی کو بقائی ہسپتال سے علاج کے لیے عباسی شہید ہسپتال لایا گیا۔

گلشن معمار کے ایس ایچ او اشتیاق غوری نے ڈان کو بتایا کہ تہرے قتل کا واقعہ فارم ہاؤس کی زمین کے تنازع پر پیش آیا۔

ان کا کہنا تھا کہ واقعے میں اب تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ملیر عرفان بہادر نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جارہی ہیں، جبکہ تفتیشی افسران شہادتیں اکٹھی کرکے گواہان کے بیانات ریکارڈ کر رہے ہیں۔