پاکستان

حالات اب اتنے کڑے نہیں جتنے ماضی میں تھے، آرمی چیف

پاکستان، افغان مفاہمتی عمل اور خطے میں امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا،،جنرل قمر جاوید

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بدستور چیلنجز درپیش ہیں لیکن ایسے کڑے حالات نہیں جن سے پاکستان ماضی میں گزرا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان میں پاک ۔ افغان سرحد پر اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔

آرمی چیف کو سرحد پر باڑ لگانے اور سماجی و اقتصادی ترقیاتی منصوبوں اور عارضی طور پر بے گھر ہونے والے افراد کی بحالی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

یہ وہ علاقہ ہے جہاں یکم مئی کو سرحد پار سے دہشت گرد حملے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوئے تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ آرمی چیف نے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہا اور علاقے میں امن و استحکام کے حوالے سے ان کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں سے مقابلے میں افسر سمیت 7 فوجی شہید

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغان مفاہمتی عمل اور خطے میں امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، تاہم اس کے باوجود کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان باڑ لگا کر نئے قلعے اور چوکیاں تعمیر کرکے اور فرنٹیئر کور (ایف سی) کے فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے ذریعے اپنے سرحدی انتظامات کو مزید مضبوط اور موثر بنا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسی طرح ہم مشرقی سرحد پر چوکس اور تیاری کی مطلوبہ حالت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بدستور چیلنجز درپیش ہیں لیکن ایسے کڑے حالات نہیں جن سے پاکستان ماضی میں گزرا ہے، تاہم حتمی کامیابی کے لیے ہمیں تحمل سے کام لینے، پرعزم اور متحد رہنے کی ضرورت ہے۔