پاکستان

لاہور: 10 سالہ گھریلو ملازمہ پر تشدد، خاتون کے خلاف مقدمہ درج

بچی کی چیخ وپکار سن کر ہمسائیوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو اطلاع دی اور بتایا کہ خاتون گھر میں ملازمہ پر تشدد کررہی ہیں۔

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو نے مالکن کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والی 10 سالہ گھریلو ملازمہ کو لاہور کے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کے ایک گھر سے بازیاب کرا لیا۔

خاتون کے خلاف تھانہ کاہنہ میں بیورو کے حکام کی مدعیت میں فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) درج کی گئی۔

ایف آئی آر کے مطابق بچی کی چیخ و پکار سن کر ہمسائیوں نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کو اطلاع دی اور بتایا کہ خاتون گھر میں ملازمہ پر تشدد کر رہی ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور : 11 سالہ ملازمہ پر تشدد میں ملوث میاں بیوی گرفتار

مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 328 (اے) اور پنجاب چلڈرن ایکٹ 2004 کی دفعہ 34 اور 35 کے تحت درج کیا گیا۔

مالکن نے، جسے بعد ازاں پولیس نے گرفتار کرلیا، مبینہ طور پر لاتوں، مکوں اور وائپر سے بچی کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

خیال رہے کہ پنجاب حکومت نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کو 2004 میں قائم کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: بیوی پر تشدد: شوہر اور ملازم ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

بیورو کا مقصد نظر انداز کیے گئے بچوں کی دیکھ بھال کرنا، انہیں تعلیم و تربیت فراہم کرنا ہے۔

واضح رہے کہ بچوں کی قانونی کسٹڈی کے امور کو دیکھنے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن عدالتیں بھی قائم کی گئی ہیں۔