پاکستان

وزیراعظم نے ' کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری دے دی

پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تعلیم، ملازمت کے مواقع، آسان شرائط پر قرض دینے کے لیے اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی، رپورٹ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے، آسان شرائط پر قرضے اور ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے 'وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام' کی منظوری دے دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پروگرام کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار نے شرکا کو پروگرام سے متعلق بریفنگ دی۔

عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ ماضی میں یوتھ سپورٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا لیکن مناسب حکمت عملی نہ ہونے کی وجہ سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔

مزید پڑھیں: احساس پروگرام پاکستان کو فلاحی ریاست بنائے گا، وزیراعظم

عثمان ڈار نے کہا کہ 'وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام ' کے تحت نوجوانوں کو ملازمت کے مواقع، تعلیم اور ہنر مند بنانے کے لیے مختلف اسکیمیں متعارف کروائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی ترقی سے متعلق بنیادی خاکہ مرتب کیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایک نیشنل یوتھ کونسل بھی تشکیل دی جا چکی ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم یوتھ پلس پورٹل تشکیل دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں سے ملکی ترقی اور خوشحالی کے لیے رائے اور تجاویز حاصل کی جاسکیں گی۔

اس پروگرام کے تحت نیشنل یوتھ ڈیولمپنٹ انڈیکس بھی تشکیل دی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت 40 سے زائد مختلف شعبہ جات کی نشاندہی کی جاچکی ہے جس میں نوجوان صوبائی حکومتوں کے ساتھ اشتراک سے مستفید ہوسکیں گے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے مختلف اسکیمیں بھی متعارف کروائی جائیں گی جس میں یوتھ اکنامک ڈیولمپنٹ اسکیم، وزیراعظم گرین یوتھ موومنٹ، وزیراعظم اسٹارٹ اپ پاکستان، انٹرن شپ پروگرام، ہنرمند پروگرام اور کامیاب نوجوان امپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم نے صحت انصاف کارڈ کا اجرا کردیا

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم امپلائمنٹ ایکسچینج پروگرام کی تشکیل کے لیے تعلیمی اداروں اور جامعات سے فراہم کردہ معلومات اور سروے کی بنیاد پر یوتھ ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے گا۔

یہ پلیٹ فارم تمام حکومتی محکموں سے منسلک ہوگا تاکہ خالی اسامیوں پر نوجوان افراد کو ملازمتیں دی جاسکیں۔

وزیراعظم اسٹارٹ اپ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو چھوٹے پیمانے پر کاروبار کے لیے آسان شرائط پر قرضے دیے جائیں گے۔

اجلاس میں بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے منظوری کے بعد وزیراعظم کامیاب نوجوان پروگرام کو کابینہ کی منظوری کے لیے جلد پیش کیا جائے گا۔