اگر نہیں تو جان لیں کہ سعودی شاہی خاندان کی دولت کتنی ہے اس کا صحیح طور پر کہنا تو مشکل ہے مگر سعودی شاہی خاندان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والی ایک ویب سائٹ نے اس کا تخمینہ ضرور بتایا ہے۔
ہاﺅس آف سعود نامی ویب سائٹ سعودی شاہی خاندان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ہے، جس میں اثاثوں کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
سعودی شاہی خاندان میں 15 ہزار کے قریب افراد موجود ہیں مگر بیشتر دولت کے مالک ان میں سے 2 ہزار افراد ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق سعودی شاہی خاندان کے پاس دہائیوں سے خام تیل کی آمدنی سے کی جانے والی سرمایہ کاری کے نتیجے میں اثاثوں کی مالیت 14 کھرب ڈالرز (2 ہزار کھرب پاکستانی روپے سے زائد) تک ہوسکتی ہے۔
سعودی شاہی خاندان کے افراد اپنی دولت کے حوالے سے معلومات کو کافی خفیہ رکھتے ہیں مگر ان کا طرز زندگی کا پرتعیش ہوتا ہے جس میں مہنگی اشیا کی خریدار، نجی جہازوں کی ملکیت، پرتعیش یاچس (کشتیاں)، ہیلی کاپٹرز، جائیدادیں اور ایسا ہی بہت کچھ شامل ہے۔
مگر اس کے ساتھ ساتھ اس خاندان کے افراد فلاحی اداروں کے ذریعے ضرورت مندوں کی مدد بھی کرتے ہیں جبکہ سعودی شہریوں کو سرمایہ بھی فراہم کرتے ہیں۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ 17 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جس کا اظہار ولی عہد محمد بن سلمان مہنگی ترین اشیا کی خریداری سے کرتے رہتے ہیں۔
جیسے برطانوی روزنامے 'انڈپینڈنٹ' کی 2016 کی ایک رپورٹ کے مطابق انہوں نے جنوبی فرانس میں تعطیلات مناتے ہوئے ایک روسی تاجر کی کشتی کو پسند کرلیا اور پھر اسے 50 کروڑ یورو (اب کے 78 ارب پاکستانی روپے سے زائد) میں خرید بھی لیا۔