جیسنڈا آرڈرن، فرانسیسی صدر کی آن لائن انتہاپسندی کے خلاف ' کرائسٹ چرچ کال'
پیرس: وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن اور فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے نیوزی لینڈ کی 2 مساجد پر حملے کی لائیو ویڈیو وائرل ہونے پر آن لائن انتہاپسندی کے خلاف ' کرائسٹ چرچ کال' کے نام سے مہم کا آغاز کردیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق رواں برس مارچ میں نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں دہشت گرد حملوں میں 50 افراد کے جاں بحق ہونے کے کئی ہفتوں بعد مختلف ممالک کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ کے بعد ٹیکنالوجی کی معروف کمپنیوں نے انٹرنیٹ پر انتہا پسندی کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنےپر اتفاق کیا۔
سانحہ کرائسٹ چرچ میں حملہ آور نے مساجد میں فائرنگ کی ویڈیو لائیو اسٹریمنگ کی تھی اور اس وجہ سے فیس بک پر بھی زور دیا جارہا ہے کہ وہ اپنی لائیو اسٹریمنگ سے متعلق قوانین سخت کرے۔
' کرائسٹ چرچ کال' کا آغاز نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن اور فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون نے پیرس میں کیا جس میں دنیا بھر سے سربراہان اور نمائندگان بھی شریک تھے۔
تاہم امریکی حکومت نے کرائسٹ چرچ کال کی حمایت نہیں کی تھی اور پیرس اجلاس میں نمائندگی نہیں کی۔