سائنس و ٹیکنالوجی

ہواوے کے بعد اوپو اور ویوو کا فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

دونوں کمپنیوں نے سوشل میڈیا پر رمضان المبارک کے لیے مختلف فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔

رمضان المبارک کے آغاز پر ہواوے نے اپنے مختلف فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا تھا، اب اوپو اور ویوو کی جانب سے بھی مختلف ڈیوائسز کو سستا کیا گیا ہے۔

دونوں کمپنیوں نے سوشل میڈیا پر رمضان المبارک کے لیے مختلف فونز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا۔

اوپو کے فیس بک پیج کے مطابق اس کمپنی نے اوپو اے 7 کی قیمت 36 ہزار 999 روپے سے کم کرکے 31 ہزار 999 روپے کردی ہے۔

اوپو اے 7 کے علاوہ کمپنی نے اوپو اے 3 کی قیمت میں بھی کمی کی ہے جو کہ 19 ہزار 999 روپے سے کم ہوکر 18 ہزار 999 روپے ہوگئی ہے۔

دوسری جانب ویوو نے بھی مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

ویوو کے 32 میگا پکسل سیلفی کیمرے سے لیس فلیگ شپ فون وی 15 کی قیمت 49 ہزار 999 روپے سے کم ہوکر 45 ہزار 999 روپے کردی گئی ہے جبکہ 32 میگاپکسل سیلفی کیمرے اور 48 میگا پکسل بیک کیمرے (بیک پر تین کیمرے دیئے گئے ہیں) والے وی 15 پرو کی قیمت 64 ہزار 999 روپے سے کم کرکے 59 ہزار 999 روپے کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

فوٹو بشکریہ اوپو پاکستان فیس بک پیج

ویوو وائے 95 کی قیمت 34 ہزار 999 روپے کی جگہ اب 31 ہزار 999 روپے کردی گئی ہے جبکہ وائے 91 سی کی قیمت 19 ہزار 999 روپے سے کم ہوکر 18 ہزار 999 روپے ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ رمضان کے آغاز پر ہواوے کے پی 30 لائٹ، نووا 3 آئی، وائے نائن 2019، اور وائے 5 لائٹ کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔