پاکستان

کشمور: وین میں سلنڈر پھٹنے سے 6 افراد جھلس کر جاں بحق، 7 زخمی

کندھ کوٹ سے کشمور آنے والی وین کا گیس سلنڈر کشمور ٹول پلازہ کے قریب اچانک دھماکے سے پھٹ گیا جس سے وین میں آگ لگ گئی۔

کشمور میں ٹول پلازہ کے قریب مسافر وین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے 6 افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔

کندھ کوٹ سے کشمور آنے والی مسافر وین کا گیس سلنڈر کشمور ٹول پلازہ کے قریب اچانک دھماکے سے پھٹ گیا جس سے وین میں آگ لگ گئی۔

وین میں آگ لگنے سے 3 خواتین اور 2 بچوں سمیت 6 افراد موقع پر ہی جھلس کر جاں بحق ہو گئے جبکہ خواتین و بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے۔

لاشوں اور زخمیوں کو کندھ کوٹ کے سول ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کو طلب کیا گیا، تاہم ان کے پہنچنے تک مسافر وین جل کر راکھ ہو چکی تھی۔

پولیس کے مطابق مسافر وین کندھ کوٹ سے کشمور آرہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، حادثے میں وین ڈرائیور اور کنڈکٹر کی جانیں بچ گئیں جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے باعث مسافر گاڑیوں کے سلنڈر گرم ہوجاتے ہیں جس کے باعث یہ واقعات رونما ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وین میں غیر معیاری سلنڈر استعمال کرنے اور ان کی بروقت مینٹیننس نہ کروانے پر کئی بار وین مالکان کو گرفتار کیا گیا تاکہ مسافروں کی جانیں بچ سکیں، لیکن اس کے باوجود بھی ایسے واقعات پیش آتے ہیں۔

دوسری جانب شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ واقعہ صرف کندھ کوٹ ۔ کشمور میں پیش نہیں آیا بلکہ سندھ بھر میں ایسے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں، جن کی روک تھام کے لیے کوئی بھی اقدمات نہیں کیے جاتے۔