میڈیا سے تعلق رکھنے والے دادا پوتی کی کہانی
میرے دادا کی ایک عرصے تک ریڈیو کشمیر سے گہری وابستگی کے دن ہمارے اہل خانہ کی یادوں کا خوشنما حصہ رہے ہیں۔ میر غلام رسول نازکی ایک مقبول شاعر اور مصنف تھے، انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات محض 16 برس کی عمر میں بطور ایک استاد شروع کی۔ کہا جاتا ہے کہ انہوں نے اپنی ادبی اور مستعار آواز ریڈیو سے ہی پائی تھی۔
اسی میں ان کا صحافتی کیریئر گندھا ہوا ہے، جو ان کی خاندان کے فوٹو المبوں میں چند نایاب تصاویر کی صورت میں عکس بند ہے، اس کے علاوہ 1950ء میں سری نگر میں صدر راجندر پرساد کے کشتی جلسے کے دوران ان کی کمنٹری کے لمحات بھی ان تصاویر میں قید ملتے ہیں۔ یہ ایک بہت بڑا موقع تھا، ہندوستان کے پہلے صدر کشمیری وزیرِاعظم شیخ محمد عبداللہ کے ہمراہ سری نگر کے خوبصورت دریائے جہلم کے ساتھ ساتھ کشتیوں کے جلسے میں شریک تھے۔ یہ پہلا ایسا موقع تھا جب ریڈیو کشمیر نے اپنے اسٹوڈیو سے باہر رہتے ہوئے براہِ راست نشریات چلائی تھی۔