پاکستان

عید کے بعد مزید وزرا کی تبدیلی کا امکان، اسد عمر کابینہ کا حصہ ہوں گے، شیخ رشید

جہانگیر ترین کام کے آدمی تھے مگر ضائع ہوگئے، عمران خان کو تباہ معیشت ملی لیکن وہ ڈیلیور کرنا چاہتے ہیں، وفاقی وزیر ریلوے

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیر خزانہ اسد عمر نئی کابینہ کا حصہ ہوں گے اور عید کے بعد مزید وزیر تبدیل ہوسکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کی کوئی نجکاری نہیں ہورہی، جو یہ کہہ رہا کہ میں نجکاری کرنے جارہا ہوں ایسا کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ 30 سال سے ریلوے برسر اقتدار ہے، اس کا الزام میں اپنے اوپر لیتا ہوں، 14 سال بعد ایم ایل ون پر دستخط کیے ہیں اور یہ پاکستان کی تاریخ میں بہت بڑی تبدیلی ہوگی کہ 1800 کلو میٹر کا طویل ٹریک بننے جارہا ہے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش کی جارہی ہے، یہاں مضبوط فوج ہے اس لیے ملک کو اندر سے نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے کیونکہ سرحدوں سے تو اسے کوئی چھیڑ نہیں سکتا۔

مزید پڑھیں: اسد عمر کو قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا چیئرمین بنانے کا فیصلہ

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک یا 2 دن کی بات ہے، وزیر اعظم نے پیر کو اجلاس بلایا ہے، جبکہ اسی روز ایمنسٹی کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کا معاہدہ طے ہے لیکن جب بھی ایسے معاہدے ہوتے ہیں تو وہ عام آدمی پر بوجھ ہوتے ہیں مگر اسد عمر نے بھی بہت کوشش کی کہ عام آدمی پر دباؤ نہ پڑے لیکن بالاخر یہ دباؤ عوام پر ہی پڑتا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ اسد عمر جلد ہی پاکستان کی کابینہ کا حصہ ہوں گے، عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر تبدیل ہوسکتے ہیں تو عید کے بعد نئے وزیر آسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کابینہ میں تبدیلی لائیں گے اور اسد عمر کو نئی کابینہ میں ہونا چاہیے، وہ کوئی ناتجربہ کار وزیر نہیں تھے، ان پر الزام نہ لگایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کو معلوم ہے کہ عمران خان کی مجبوری ہے، اسے معیشت تباہ حالی میں ملی، تاہم عمران خان نے تبدیلی کی ہے انہیں نے ایسے لوگوں کو تبدیل کیا جو ان کے بہت قریب تھے کیونکہ وہ ڈیلیور کرنا چاہتے ہیں۔

جہانگیر ترین کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ وہ عدالتی طور پر ایل بی ڈبلیو قرار دیے جاچکے ہیں، وہ ایک کام کے آدمی تھے مگر وہ ضائع ہوچکے ہیں۔

مہنگائی سے متعلق سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ نواز شریف، شہباز شریف، آصف زرداری کی وجہ سے قوم کو یہ دن دیکھنے پڑ رہے ہیں، میں نے عمران خان کو کہا ہے کہ اشیائے ضرورت کی چیزیں مہنگی ہیں لیکن یہ سب گینگ آف 4 اینڈ 5 نے اس ملک کی معیشت کو گدوں کی طرح نوچا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسد عمر وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی

وفاقی وزیر نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ انہوں نے کفن پر بھی جیبیں لگائی ہوں گے اور یہ فرشتوں سے بھی ڈیل کریں گے، ان سے پوچھا جائے کہ ان کا پاکستان میں کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ محترمہ بیظیر بھٹو شہید ہوئیں، ان کے شوہر اور بیٹا کبھی کیس سننے نہیں گیا۔

ساتھ ہی انہوں نے نیب سے متعلق سوال پر کہا کہ جو شخص رات کو ٹی وی پر بیٹھ کر عمران خان کے خلاف چیخ رہا ہے تو وہ نیب کا خام مال ہے، شاہد خاقان عباسی نیب کا خام مال ہے۔

دوران گفتگو صحافیوں کی جانب سے بلاول بھٹو سے متعلق سوال کیا گیا،جس پر شیخ رشید احمد نے یہ کہہ کر بات ٹال دی کہ میں روزے سے ہوں،پورے رمضان بلاول کے خلاف بات نہیں ہوگی۔