راہول گاندھی کی عمران خان کے ساتھ بریانی کھانے والی تصویر اصلی ہے؟
فیس بک پر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کی تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ عمران خان کے ساتھ بریانی تناول کرتے نظر آئے۔
بھارت میں الیکشن اختتامی مرحلے میں داخل ہوچکا ہے تاہم جعلی خبریں وائرل کر کے مخالفین اور ان کے حامیوں کو زیر کرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
حال ہی میں فیس بک پر کانگریس کے رہنما راہول گاندھی کی تصویر وائرل ہوئی جس میں وہ عمران خان کے ساتھ بریانی تناول کرتے نظر آئے۔
2 مئی کو وائرل ہونے والی اس تصویر کے حاشیہ میں ہندی انگریزی زبان میں درج ہے کہ ’دیکھو میاں عمران کے ساتھ کون بیٹھا چکن بریانی کھا رہا ہے؟ اب لوگ دیکھ لیں یہ پپو کی حالت ہے‘۔
تاہم غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے جعلی خبر اور تصاویر کی حقیقت سامنے لاتے ہوئے کہا کہ ’فیس بک پر وائرل ہونے والی تصویر جعلی ہے جس میں یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی گئی کہ نریندر مودی کے سیاسی حریف راہول گاندھی، پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ چکن بریانی کے مزے اڑا رہے ہیں‘۔