بھارت میں 400 سالہ تاریخی مسجد شہید کردی گئی
ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں مقامی حکومت نے روڈ کی وسعت کے لیے مسجد کو شہید کیا۔
بھارت کی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد میں انتظامیہ کی جانب سے روڈ کو وسعت دینے کی آڑ میں 400 سالہ تاریخی مسجد کو شہید کیے جانے کے بعد تنازع کھڑا ہوگیا۔
نشریاتی ادارے ’بزنس اسٹینڈرڈ‘ نے بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ (پی ٹی آئی) کی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ گریٹ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے گزشتہ ہفتے روڈ کی توسیع کی خاطر 4 صدیوں سے قائم یکخانہ مسجد کو شہید کردیا۔
یہ تاریخی مسجد حیدرآباد کے علاقے عنبرپیٹ کے مرکز میں واقع تھی اور اسے شہر کی قدیم ترین مسجد کا اعزاز بھی حاصل تھا۔
مسجد کو انتظامیہ کی جانب سے شہید کیے جانے کے بعد ریاست تلنگانہ کے وقف بورڈ سمیت دیگر اداروں نے مسجد کی شہادت کو غلطی قرار دیا اور کہا کہ جس جگہ مسجد تعمیر تھی وہ جگہ 400 سال سے مسجد انتظامیہ کے لیے وقف تھی۔