انگلینڈ نے پاکستان کو واحد ٹی ٹوئنٹی میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی
انگلینڈ نے ایک روزہ سیریز سے قبل کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
کارڈف میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ٹیم کپتان سرفراز کے اس فیصلے کو درست ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کی نصف سنچری کی بدولت ٹیم نے 19ویں اوور میں ہی پاکستان کی جانب سے دیے گئے 174 رنز کے ہدف کو صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
انگلینڈ کی جانب سے اوپننگ بلے باز ونس اور ڈوکٹ نے بالترتیب 36 رنز اور 9 رنز بنائے جس کے بعد جو روٹ نے 47 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تاہم وہ حسن علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
روٹ کے بعد کپتان مورگن نے اپنی ذمہ دارانہ بلے بازی کو جاری رکھا اور 57 رنز کی شان دار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلا دی۔
قبل ازیں ٹاس جیت جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کے اوپنر فخر زمان اور ٹی 20 میں ڈیبیو کرنے والے امام الحق صرف 7،7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔
ابتدائی بلے بازوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم اور حارث سہیل نے تیسری وکٹ میں سنچری شراکت قائم کی اور اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
پاکستان نے نے 5 اوورز میں 31 رنز بنائے تھے اور اس کے دو کھلاڑی آؤٹ ہوئے تاہم تیسری وکٹ میں دونوں بلےبازوں نے اسکور کو 134 رنز تک پہنچادیا۔
بابراعظم 64 رنز اور حارث سہیل 50 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد عماد وسیم اور فہیم اشرف نے ایک اچھی شراکت قائم کی اور 6 وکٹوں کے نقصان پر پاکستان کے اسکور کو 173 رنز تک پہنچایا۔
ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ امام الحق اور محمد حسنین ٹی 20 میں ڈیبیو کر رہے ہیں، اچھی کارکردگی دکھا کر میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
دوسری جانب انگلینڈ کی ٹیم کے کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ ’وہ باؤلنگ ہی کرنا چاہتے تھے اس لیے وہ خوش ہیں، پاکستان کی ٹیم اچھی ہے، ہمیں اچھا کھیل پیش کرنا ہوگا‘۔
اسکواڈ:
پاکستان: فخر الزمان، بابر اعظم، امام الحق، حارث سہیل، آصف علی، سرفراز احمد، فہیم اشرف، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد حسنین۔
انگلینڈ: جیمز ونس، بین ڈوکیٹ، جو روٹ، آئن مورگن، جو ڈینلی، بین فوکس، ڈیوڈ ولی، عادل رشید، جوفرا آرچر، کرس جورڈن، ٹوم کرن۔
واضح رہے کہ دورہ انگلینڈ میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تجربہ کار کھلاڑی شعیب ملک کو دس روز کی چھٹی دے دی تھی۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ 'پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتظامیہ نے شعیب ملک کو چھٹی دی ہے وہ ذاتی معاملات کو نمٹانے کے لیے واپس گھر آرہے ہیں، وہ متوقع طور پر 10 دن کے عرصے میں دوبارہ ٹیم میں شامل ہوجائیں گے'۔
پی سی بی کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر بورڈ مزید وضاحت نہیں دے سکتا اور یہ شعیب ملک کا ذاتی معاملہ ہے۔
خیال رہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق نے 18 اپریل کو عالمی کپ کے لیے پاکستان کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا تھا اور اسی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے بھی برقرار رکھا گیا تھا جس میں شعیب ملک بھی شامل ہیں۔