پاکستان میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار سے بڑھ گئی
پاکستان میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں کم سے کم ڈھائی ہزار کا اضافہ ہونے کے بعد مریضوں کی تعداد بڑھ کر 23 ہزار 757 ہوگئی۔
نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کی جانب سے گزشتہ برس جاری کی گئی رپورٹ میں ملک بھر میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 21 ہزار 129 بتائی گئی تھی۔
تاہم اب ملک بھر میں ایڈز کے مزید نئے مریض رجسٹرڈ ہوئے ہیں، جس کے بعد ان کی تعداد بڑھ کر 23 ہزار 757 ہوگئی۔
نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق پاکستان میں جہاں گزشتہ ایک برس میں ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا، وہیں ایچ آئی وی وائرس کے شکار افراد میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اس وقت پاکستان میں ایچ آئی وی وائرس سے متاثرہ رجسٹرڈ افراد کی تعداد ایک لاکھ 65 ہزار ہے۔
قومی ایڈز پروگرام کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت پاکستان بھر میں ایڈز کے 15 ہزار 821 مریض مکمل طور پر علاج کروا رہے ہیں۔
ادارے کے مطابق انجکشن کے ذریعے منشیات استعمال کرنے والے 5 ہزار 115 افراد کا علاج بھی جاری ہے۔
اس سے قبل گزشتہ برس ادارے کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا پاکستان بھر میں ایڈز کے مریضوں کی تعداد 21 ہزار 129 ہے۔