دنیا

افغانستان: طالبان کا چیک پوسٹوں پر حملہ، 7 پولیس اہلکار ہلاک

کنڑ میں اتحادی فورسز کے دو الگ،الگ فضائی حملوں میں دہشت گرد تنظیم 'داعش'کے 43 جنگجو ہلاک ہوئے، افغان وزارت دفاع کا دعویٰ

افغانستان کے مغربی صوبے بادغیس میں چیک پوسٹوں پر طالبان کے حملے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔

امریکی خبر رساں ایجنسی 'اے پی' کے مطابق صوبائی کونسل کے رکن محمد ناصر نذری نے کہا کہ ضلع قادس میں حملے کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 3 دیگر اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

طالبان کی جانب سے حملے سے متعلق کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کے بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ مشرقی کنڑ صوبے میں افغان فورسز کے تعاون سے جمعہ کی رات اتحادی فورسز کے دو الگ، الگ فضائی حملوں میں دہشت گرد تنظیم 'داعش' کے 43 جنگجو ہلاک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: افغانستان: طالبان کا آرمی بیس پر حملہ، 26 افغان فوجی ہلاک

بیان میں کہا گیا کہ ضلع چھپاڑا داعش کے جنگجوؤں کو ہدف بنا کر کیے گئے فضائی حملوں میں ہلاک ہونے والوں میں کئی ازبک اور پاکستانی شہری شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مشرقی افغانستان بالخصوص کنڑ اور ننگرہار صوبوں میں طالبان اور داعش دونوں سرگرم ہیں، دونوں صوبے پاکستانی سرحد کے ساتھ واقع ہیں۔

طالبان اور امریکا کے درمیان افغانستان میں 17 سالہ جنگ کے خاتمے اور قیام امن کے لیے مذاکرات کے کئی دور ہو چکے ہیں جن میں پیشرفت بھی سامنے آئی ہے۔

تاہم اس کے باوجود دونوں جانب سے ایک دوسرے پر حملے جاری ہیں۔

مزید پڑھیں: افغانستان: طالبان کے حملے میں 21 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

گزشتہ روز دارالحکومت کابل میں ہونے والے 4 روزہ گرینڈ اسمبلی (لویہ جرگے) نے ملک بھر میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا تھا۔

لویہ جرگے کے اختتام پر جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ ’ اسلامی جمہوریہ افغانستان کی حکومت اور تحریک طالبان کو فوری طور اور مستقل جلد بندی کا اعلان اور اس پر عملدرآمد کرنا چاہیے‘۔