پاکستان

شہبازشریف 10 روز میں وطن واپس آ جائیں گے، شاہد خاقان عباسی

نواز شریف کو 7 مئی کو خود جیل حکام کے حوالے کریں گے، پنجاب میں بلدیاتی نظام غیر آئینی ہے، لیگی رہنما

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ پارٹی کے صدر شہباز شریف 10 روز میں وطن واپس پہنچ جائیں گے۔

پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے لاہور ڈویژن میں ہونے والے اجلاس کے بعد شاہد خاقان عباسی، رانا ثنااللہ اور احسن اقبال نے مشترکہ طور پر میڈیا سے بات کی۔

یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کی تنظیم نو، شاہد خاقان سینئر نائب صدر،مریم نواز نائب صدر مقرر

ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے بلایا تو پیش ہوجاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف آج بھی پارٹی کے صدر ہیں اور وہ 10 روز میں وطن واپس آجائیں گے۔

پارٹی کے سینئر رہنما و سیکریٹری جنرل احسن اقبال نے الزام لگایا کہ حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی ایما پر گورنر اسٹیٹ بینک کو برطرف کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان کو 'آئی ایم ایف' کی کالونی بنادیا جس کی مثال نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں: پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ عوام کو رمضان مبارک، شہباز شریف

احسن اقبال نے نئے بلدیاتی نظام کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 7 مئی کو خود کو جیل حکام کے حوالے کریں گے۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے ناراض سینئر رہنما چوہدری نثار سے متعلق سوال پر رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ ’چوہدری نثار کا پارٹی میں نہ آنا کوئی مسئلہ نہیں، ان سے اس معاملے پر بات ہوسکتی ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: رواں مالی سال، تیل کی فروخت میں 24 فیصد کمی

ان کا کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں (ن) لیگ کلیدی کردار ادا کرے گی اور مریم نواز پارٹی کے لیے سرمایہ ہیں۔

‘جمہوریت آدھی رہ گئی، آمریت کا خطرہ ہے‘

قبل ازیں شاہد خاقان عباسی نے خبردار کیا کہ ’جمہوریت آدھی رہ گئی ہے اس لیے وزیر اعظم عمران خان سنبھل جائیں ورنہ آمریت کا خطرہ ہے‘۔

نارووال میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کو درپیش چیلنجز کا حل وزیر اعظم عمران خان کو دے چکے ہیں، تاہم اگر وہ تجویز پر عمل نہیں کرنا چاہتے تو ان کی مرضی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ثبوت پیش کریں گے کہ ’ملک میں سب سے زیادہ عطیہ اور ٹیکس عمران خان نے چوری کی‘۔

مزید پڑھیں: اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو لایا جارہا ہے، مشیر خزانہ

شہباز شریف اور مریم نواز گروپ کے آمنے سامنے آنے سے متعلق سوال پر شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ’پاکستان مسلم لیگ (ن) میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنماؤں کا بیانیہ یہ ہے کہ پاکستان اور اس کے ادارے آئین اور قانون کے مطابق چلنے چاہیئیں‘۔