میشا شفیع –علی ظفر کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر
سپریم کورٹ آف پاکستان نے گلوکارہ میشا شفیع کی علی ظفر کے خلاف جنسی ہراساں کے الزامات لگانے سے متعلق کیس میں گواہوں کی جرح کے لیے دائر کی گئی درخواست پر سماعت مقرر کردی۔
ڈان اخبار کے مطابق جسٹس مشیر عالم، جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس یحیٰ آفریدی پر مشتمل تین رکنی بینچ 9 مئی کو سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کرے گا۔
گلوکارہ نے سپریم کورٹ میں لاہور ہائی کورٹ کے گواہوں کی جرح سے متعلق فیصلے کو کاالعدم قرار دینے کی درخواست کی تھی۔
لاہور ہائی کورٹ نے گواہوں کی جرح سے متعلق سیشن کورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔
سیشن کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ جنسی ہراساں سے متعلق پیش کیے گئے گواہوں پر اسی وقت جرح ہوگی، ان کے لیے وقت نہیں دیا جا سکتا، تاہم گلوکارہ نے گواہوں سے جرح کے لیے مہلت کی درخواست کی تھی جسے سیشن کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ نے مسترد کردیا تھا۔
سیشن اور لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے گواہوں سے جرح کی مہلت نہ دینے کے خلاف میشا شفیع نے 12 اپریل کو سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔