پاکستان

پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ عوام کو رمضان مبارک، شہباز شریف

ریاست مدینہ بنانے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا، حکومت اپنی نااہلی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے،اپوزیشن لیڈر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارش پر مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاست مدینہ بنانے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا۔

اپنے ایک بیان میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے پاکستان کے عوام کو 9 روپے 11 پیسے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے ساتھ رمضان مبارک ہو۔

انہوں نے کہا رمضان المبارک سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ظلم اور بے حسی کی انتہا ہے، حکومت اپنی نااہلی اور نالائقی کا بوجھ عوام پرڈال رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ای سی سی نے پیٹرول 9 روپے 35 پیسے مہنگا کرنے کی منظوری دیدی

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ بنانے والوں نے رمضان المبارک کا بھی خیال نہیں کیا اور رحمتوں، برکتوں کے مہینے کی آمد پر عوام پر مزید مہنگائی کا عذاب مسلط کردیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی کے سبب غریبوں کا گھر، تاجروں کا کاروبار اور ملکی نظام منجمد ہوگیا ہے، نااہل اور ناکام حکومت کی بجٹ سے پہلے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ 450 ارب کے بجٹ خسارے اور ریونیو شارٹ فال پورا کرنے کی ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حج پر سبسڈی چھینے والے اب رمضان کا روزہ چھینے کے درپے ہیں۔

واضح رہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے 38 پیسے اضافے کی سفارش کی تھی اور یکم مئی سے نرخوں میں اضافے کی سمری پیٹرولیم ڈویژن کو بھیجی تھی۔

تاہم وزیر اعظم عمران خان نے اس سمری کو موخر کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کو بھیج دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت 14 روپے بڑھانے کی سفارش

بعد ازاں گزشتہ روز مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا تھا، جس میں پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔

اس اجلاس میں پیٹرول 9 روپے 35 پیسے فی لیٹر مہنگا کرتے ہوئے نئی قیمت 108 روپے 42 پیسے مقرر کرنے، ہائی اسپیڈ ‏ڈیزل 4 روپے 89 پیسے فی لیٹر، لائٹ ڈیزل آئل 6 روپے 40 پیسے فی لیٹر اور مٹی کا تیل 7 روپے 46 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے کی منظوری دی تھی۔

تاہم ان قیمتوں کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی جس کا اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے۔