بچوں کو جنک فوڈ سے دُور رکھنے کے چند طریقے
کیا آپ کے بچوں کو ’بھی‘ جنک فوڈ پسند ہے؟ اس ’بھی‘ پر زور یوں دیا گیا ہے کہ جنک فوڈ جس طرح بڑوں کو پسند ہے اسی طرح بچوں کو بھی بھاتا ہے۔اکثر میز پر موجود صحتمند سبزیوں یا روز مرہ کے کھانوں کو چھوڑ کر بچے جنک فوڈ کی طرف ہی ہاتھ بڑھاتے نظر آتے ہیں۔
بچے سے کیا کہتے ہیں؟
بطورِ والدین، ہم جانتے ہیں کہ آپ تقریباً روزانہ ہی بچوں کو جنک فوڈ کھانے سے روکنے کی مشکل مشق کرتے ہوں گے، لیکن اس کے باوجود وہ یہ کھا ہی لیتے ہیں۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ آپ بچوں کو کیلوریز اور کولیسٹرول جیسی مشکل اصلاحات کے بارے میں بتانے سے رہے اور وہ سمجھنے سے رہے۔
تو پھر کیا کیا جائے؟ یہ سوال بہت اچھا ہے، اور اسی سوال کے کچھ جواب مندرجہ ذیل پیش کے جارہے ہیں۔ یہ ایسے طریقے ہیں جن کو اپنانے سے آپ کے بچے جنک فوڈ سے آزاد ماحول میں پرورش پاسکتے ہیں۔
ان کے آگے مثالی کردار ادا کریں
بچوں کے پہلے رول ماڈل یا مثالی افراد اور کوئی نہیں بلکہ ان کے والدین ہوتے ہیں۔ بچے وہی کچھ کرنا چاہتے ہیں جو ان کے والدین کرتے ہیں، یوں کہیے کہ ان کے ہر عمل کی نقل کرتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کے بچے صحتمند کھانوں کی جانب راغب ہوں تو اس کی شروعات خود آپ کو کرنا ہوگی۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ ابتدائی حوصلہ افزائی اور ترغیب گھر سے ہی حاصل ہوتی ہے۔