نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے منگنی کرلی
رواں برس 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے شہر نیوکرائسٹ چرچ کی مساجد پر دہشت گردانہ حملوں میں 50 نمازیوں کی شہادت کے بعد مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر شہرت حاصل کرنے والی نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے منگنی کرلی۔
38 سالہ جیسنڈا آرڈرن نے اپنے دیرینہ دوست اور ٹی وی اینکرپرسن 41 سالہ کلارک گفورڈ سے گزشتہ ہفتے منگنی کی تھی۔
دونوں نے ایسے وقت میں منگنی کی ہے جب کہ نیوزی لینڈ کے انتخابات میں ایک سال رہ گیا ہے اور جیسنڈا آرڈرن کی جانب سے منگنی کرنے کے فیصلے کو سیاسی مقبولیت حاصل کرنے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
جیسنڈا آرڈرن اور کلارک گفورڈ نے اگرچہ اب منگنی کی ہے، تاہم دونوں کے ہاں 21 جون 2018 کو پہلی بچی کی پیدائش ہوئی تھی۔
دونوں کے درمیان 2014 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے نیوزی لینڈ کے الیکشن قوانین کے تحت میڈیا کے سامنے جوڑے ہونے کا اعلان کیا تھا۔
اور اب جب کہ نیوزی لینڈ کے انتخابات میں ایک سال رہ گیا ہے تب دونوں نے منگنی کرلی اور ممکنہ طور پر دونوں الیکشن سے قبل شادی کرلیں گے۔