کھیل

شاہد آفریدی کی اصل عمر کیا ہے؟ برسوں بعد پتا چل گیا

شاہد آفریدی نے آخرکار اپنی اصل عمر کے بارے میں خود بتادیا ہے اور اس طرح مداحوں کے ایک خیال کی تصدیق بھی ہوگئی۔

کرکٹ کا ایک سب سے بڑا راز آخرکار حل ہوگیا یا یوں کہہ لیں کسی حد تک تو ایسا ہوگیا ہے۔

شاہد آفریدی جن کے بارے میں برسوں سے مداحوں کا خیال تھا کہ ان کی عمر بتائی جانے والی عمر سے زیادہ ہے، نے آخرکار اپنی اصل عمر کے بارے میں خود بتادیا۔

کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی نے اپنی سوانح حیات 'گیم چینجر' میں یہ انکشاف کیا اور لاکھوں افراد کے خیال کو درست ثابت کردیا کہ ان کی عمر واقعی زیادہ ہے۔

کتاب کے اس باب جس میں انہوں نے 1996 میں پاکستانی ٹیم میں شمولیت کا ذکر کیا ہے، وہاں شاہد آفریدی نے لکھا کہ ان کی پیدائش 1975 میں ہوئی تھی، تاہم انہوں نے مہینہ یا تاریخ نہیں بتائی۔

مگر اس انکشاف نے انہیں 5 سال بڑا بنادیا کیونکہ ان کے آفیشل ریکارڈز میں تاریخ پیدائش یکم مارچ 1980 درج ہے۔

شاہد آفریدی نے 1996 میں کینیا کے شہر نیروبی میں ہونے والے تین ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تھی اور 37 گیندوں پر تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا جو کہ 17 سال تک ان کے پاس ہی رہا۔

اس ریکارڈ کی خاص بات یہ تھی کہ مانا جاتا تھا کہ شاہد آفریدی نے 16 سال کی عمر میں اسے بنایا تھا مگر اب ہم جانتے ہیں کہ ایسا نہیں۔

شاہد آفریدی نے کتاب میں اس الجھن کو اس جملے سے مزید بڑھا دیا 'ریکارڈ کے لیے جان لیں کہ میں اس وقت 19 سال کا تھا، 16 سال کا نہیں، جیسا وہ دعویٰ کرتے ہیں، میری پیدائش 1975 میں ہوئی، تو ہاں انتظامیہ نے میری عمر کا غلط اندراج کیا'۔

تاہم شاہد آفریدی کی پیدائش 1975 میں ہوئی تو وہ نیروبی کے ٹورنامنٹ کے وقت 20 یا 21 سال کے ہوں گے، 19 سال کے نہیں، جیسا انہوں نے لکھا۔

اس سے بھی زیادہ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ نیروبی کیرئیبین سے آئے تھے جہاں وہ انڈر 19 ٹیم کے لیے سیریز کا حصہ تھے، مگر اب وہ خود تسلیم کرتے ہیں کہ وہ اس وقت 19 سال کے نہیں تھے۔

1975 کی پیدائش کا یہ مطلب بھی ہے کہ جب وہ 2010 میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تو ان کی عمر 34 یا 35 سال تھی جبکہ جب وہ 2016 کے ورلڈ ٹی 20 میں آخری میچ کا حصہ بنے تو ان کی عمر 36 نہیں بلکہ 40 یا 41 سال تھی۔