پشتون تحفظ موومنٹ از خود کوئی مسئلہ نہیں، آرمی چیف
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) ازخود کوئی ’مسئلہ‘ نہیں لیکن غیر ملکیوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے بعض عناصر دہشت گردی سے متاثرہ افراد کے جذبات مجروح کر رہے ہیں۔
پشاور کے دورے کے دوران کور آڈیٹوریم میں مختلف جامعات کے طلبہ سے بات کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ ’پی ٹی ایم کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل حقیقی ہیں، تاہم بعد از جنگ پیدا ہونے والے حالات میں ایسے مسائل فطری ہیں‘۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ملاقات،ملکی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے بیان میں آرمی چیف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ 'چند افراد غیر ملکی عناصر کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں جن کا مقصد ان لوگوں کے جذبات کو بھڑکانا ہے جو دہشت گردی سے متاثر ہوئے اور اب انہیں توجہ کی ضرورت ہے‘۔
آرمی چیف نے زور دیا کہ حکومت اور سیکیورٹی فورسز ’بلا تخصیص کہ وہ کہاں سے تعلق رکھتے ہیں‘ قبائلی علاقوں کے رہائشیوں کے حقیقی مسائل حل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
انہوں نے قسم کھائی کہ ’ہمارے لیے سماجی و اقتصادی ترقی کے ذریعے پائیدار امن سب سے پہلے ہے اور ہم تمام دشمن عناصر اور ان کی سازشوں کو ناکام بنادیں گے‘۔
یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کی 22 دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق
دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستانی قوم اور مسلح افواج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ’اب وقت آگیا ہے کہ سماجی و اقتصادی ترقی کے ذریعے اس کا فائدہ اٹھایا جائے جس میں تعلیم سب سے اہم عنصر ہے۔'
بیان کے مطابق طلبہ نے مسلح افواج کی مکمل حمایت کا اظہار کیا اور کہا کہ ’وہ پاکستان کے روشن مستقبل میں اپنا کردار نبھائیں گے‘۔