وزیراعظم عمران خان اور سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے خیبرپختونخوا میں دریائے سوات پر مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔
اس موقع پر ڈیم کی خصوصیات کے حوالے سے بتایا گیا کہ مہمند ڈیم کی تعمیر سے یومیہ 8 سو میگا واٹ اور سالانہ 28 سو 62 گیگا واٹ بجلی پیدا ہوگی اور اس پر 3 ارب ڈالر لاگت آئے گی جب کہ اس کی تعمیر سال 2024 میں مکمل ہوگی۔
مہند ڈیم میں 12 لاکھ 93 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی اور اس آبی ذخیرے سے 16 ہزار 737 ایکڑ رقبہ سیراب کیا جاسکے گا۔
اس کے ساتھ مذکورہ ڈیم کی تعمیر سے سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
مہمند ڈیم کا سنگِ بنیاد رکھنے کے لیے منعقدہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، عہدیداروں اور مقامی عمائدین نے شرکت کی۔
اگر این آر او دیا تو یہ میری قوم سے غداری ہوگی، وزیراعظم
تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم خان نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو ڈیم فنڈ کا آغاز کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔
اپنے خطاب کے آغاز میں وزیراعظم نے وزیر آبی وسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی جارحانہ تقریر میں ڈیم کی بات کرنا ہی بھول گئے اور پوری تقریر کسی اور ہی موضوع پر کردی، اس پر میں صرف اتنا کہنا چاہوں گا کہ باہر سے زیادہ اندر سے خطرہ ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کا کام نہیں ہے کہ وہ ملک میں ڈیم کی تعمیر کے لیے اقدامات اٹھائے لیکن میاں ثاقب نثار نے حکمرانوں کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ اقدامات اٹھائے۔