دنیا

بھارت میں برقع پر پابندی کا مطالبہ بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، اسدالدین اویسی

ہندو انتہاپسند تنظیم اور حکمران جماعت کی اتحادی شیو سینا نے بھارت بھر میں برقع پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔
شیو سینا نے ماضی میں جینز پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا، اسدالدین اویسی—فوٹو: اے این آئی

بھارتی ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد سے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا کے امیدوار اسدالدین اویسی نے ہندو انتہاپسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے برقع پر پابندی کے مطالبے کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

خیال رہے کہ شیو سینا نے مراٹھی زبان میں نکلنے والی اخبار ’سامنا‘ کے ایڈیٹوریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ بھارت بھر میں برقع یا حجاب پر پابندی عائد کریں۔

ایڈیٹوریل میں کہا گیا تھا کہ بھارتی حکومت کو قومی مفاد کے پیش نظر سری لنکا کی طرح یہاں بھی برقع پر پابندی عائد کردینی چاہیے۔

ایڈیٹوریل میں مزید لکھا گیا تھا اگر رام کی لنکا یعنی سری لنکا میں برقع پر پابندی لگائی جا سکتی ہے تو رام کی سرزمین یعنی بھارت میں اس پر پابندی کیوں نہیں لگائی جاسکتی؟

شیو سینا کے مطالبے کے بعد اتحاد بین المسلمین کے رہنما اور حیدرآباد سے لوک سبھا کے امیدوار اسدالدین اویسی نے اپنے رد عمل میں اسے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

بھارتی خبر رساں ادارے ’اے این آئی’ کے مطابق اسدالدین اویسی نے شیو سینا کے مطالبے کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔

اسدالدین اویسی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ کی نے آئین ہند کے آرٹیکل 377 کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لباس کی پسند ہر کسی کا بنیادی حق ہے۔

رکن پارلیمنٹ کے مطابق سپریم کورٹ اور آئین ہند کے مطابق بھارت کے ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنی پسند کا لباس پہنے اور ہر کسی کی مرضی ہے کہ وہ برقع پہنیں یا گھونگھٹ کریں یا وہ جینز پہنے۔

ان کا کہنا تھا کہ شیو سینا انتخابات میں اپنی شکست دیکھ رہی ہے اس لیے وہ سازش پر اتر آئی ہے اور برقع پر پابندی کے مطالبے پر لکھے گئے آرٹیکل پر الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے بھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے چند واقعات کی مثال بھی دی جن میں ملوث ملزمان کو کرتا اور ہندو مذہب کے پیروکاروں کی جانب سے کیے جانے والے لباس پہن رکھے تھے۔

اسدالدین اویسی کا کہنا تھا کہ آج برقع پر پابندی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے کل گھونگھٹ پر پابندی کا مطالبہ کیا جائے گا اور پھر کسی اور طرح کے کپڑے پہننے پر اعتراض کیا جائے گا۔

لوک سبھا امیدوار کا کہنا تھا کہ ماضی میں شیو سینا خواتین کے جینز پینٹ پہننے پر بھی اعتراض کرتی تھی اور جینز پر پابندی کا مطالبہ کرتی رہی۔

رام کی سرزمین پر قومی مفاد میں برقع اور حجاب پر پرپابندی لگائی جائے، شیو سینا—فائل فوٹو: ایشیا نیوز