پاکستان

خواتین کو وراثت میں حق دلوانے کیلئے بل لانے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ میں قانونی اصلاحات سے متعلق 5 بل پیش کیے گئے، سب سے بڑا چیلنج خاتون کو وراثت میں حق دینا ہے، فردوس اعوان

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے حکومت نے خاتون کو وراثت میں حق دینے سے متعلق انفورسمنٹ آف وومن پراپرٹی رائٹ کے نام سے بل لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کے ساتھ میڈیا کو کابینہ اجلاس سے متعلق بریفنگ ہوئے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور وزیراعظم کے دورہ چین میں باہمی تجارت کے فروغ اور دیگر اہم امور زیر غور آئے۔

معاون خصوصی نے بتایا کہ چین کے ساتھ ایف ٹی اے اور ایم ایل ون، زراعت اور غربت کے خاتمے سے متلعق معاہدے ہوئے جس پر کابینہ نے وزیراعظم کو چین کے دورے پر مبارک باد دی۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے توقعات کا اظہار کیا کہ چین سے ہونے والے معاہدوں کے مثبت اثرات عوام کی زندگی میں بہتری لانے کا باعث بنیں گے،اس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

رمضان میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے کمیٹی تشکیل

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں رمضان المبارک میں دفتری اوقات کار کا جائزہ لیا گیا اور ماہ رمضان میں وفاقی دفاتر کے اوقات صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کی روک تھام اور عوام کو تکالیف سے بچانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں ادارہ جاتی اصلاحات پر کمیٹی کی جانب سے لیے جانے والے ابتدائی اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ زراعت، پانی، نیشنل ٹورازم رپورٹ، احساس پروگرام کی لانچنگ اور سوشل سروس میں کلین گرین پاکستان کے تحت شجرکاری کی مہم پر بات چیت کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں خیبرپختوانخوا کے ماڈل پر پنجاب میں بلدیاتی نظام لانے پر کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔

کابینہ میں قانونی اصلاحات سے متعلق 5 بل پیش

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کابینہ میں قانونی اصلاحات سے متعلق 5 بل پیش کیے گئے جس میں لیگل اینڈ جسٹس اتھارٹی کا قیام شامل ہے، قانونی رہنمائی اور امداد نہ ہونے کی وجہ سے انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا سامنا کرنے والے سائلین کو حکومتی سطح پر تحفظ فراہم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ معاشرتی مسائل میں سب سے بڑا چیلنج خاتون کو وراثت میں حق دینا ہے، اسی کو محسوس کرتے ہوئے پاکستان کی آبادی کے 52 فیصد حصے کے حقوق کے تحفظ کے لیے انفورسمنٹ آف وومن پراپرٹی رائٹ کا بل لایا جارہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وراثت میں خواتین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور اس بل کو تحصیل کی سطح تک نافذ کیا جائے گا۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومتی محکمے ہر سطح پر اس بل کے دائرہ کار کو پھیلا کر اس سلسلے میں معاونت کریں گے اور اس کی سرپرستی بھی کریں گے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ کوڈ آف سول پروسیجر میں اصلاحات کی جارہی ہیں، جس کے تحت دیوانی مقدمات ڈیڑھ سے 2 سال میں مکمل کیے جانے کا ترمیمی بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹ میں حائل رکاوٹوں کو دور کردیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وسل بلور پروٹیکشن اینڈ ویجیلنس کمیشن کے نام سے بل میں سرکاری اداروں اور حکومتی محکموں سے میں کرپشن، اختیارات سے تجاوز کے خاتمے میں کردار ادا کرنے والے شخص کو تحفظ اور برآمد کی جانے والی رقم کا 20فیصد حصہ دیا جائے گا۔

’زینب الرٹ بل‘ کے نام سے قانون لانے کا فیصلہ

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ’ زینب الرٹ بل‘ کے نام سے بچوں کے ساتھ زیادتی کو روکنے کے لیے قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قانون کو زینب کے نام سے اس لیے منسوب کیا گیا ہے کہ وہ معصوم بچی معاشرتی وحشیت کا نشانہ بنی، ان انسانیت سوز جرائم کی مذمت اور ان کے خلاف سزا دینے کے لیے، بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کے خاتمے کے لیے یہ قانون لایا جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اسکولوں میں بچوں پر مار پیٹ اور تشدد کو جرم قرار دینے اور اس کی روک تھام کے لیے حکومت نے قانون لانے کا فیصلہ کیا ہے۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مؤخر

انہوں نے مزید کہا کہ جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو تیل کی قیمت 53 ڈالر فی بیرل تھی جو بڑھ کر 76 ڈالر فی بیرل ہوگئی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران پر پابندیاں عائد کرنےکی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اتنا زیادہ اضافہ ہوا، اس وجہ سے بین الاقوامی طلب اور رسد کے خلا میں بھی اضافہ ہوا اور اس کا اثر تیل درآمد کرنے والے ممالک پر بھی پڑا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اوگرا کی جانب سے ارسال کی گئی سمری میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 14 روپے اضافےکی تجویز پیش کی گئی تھی، اوگرا نے کہا تھا کہ عالمی قیمتوں کو دیکھتے ہوئے خسارہ بڑھایا جائے یا قیمتوں میں اضافہ کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے عوام کی مشکلات اور تکالیف کا احساس کرتے ہوئے سمری پر نظر ثانی کا حکم دیا ہے، اور کہا ہے جی ایس ٹی کو اس طریقے سے ریگولرائز کیا جائے کہ عوام پر کم سے کم بوجھ پڑے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ کابینہ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ مؤخر کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں 13 سو ارب کے گردشی قرضوں کے آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا تھا اور یہ معلوم کیا جائے کہ اس کا ذمہ دار کون ہے، آئندہ کابینہ اجلاس میں یہ حقائق سامنے آجائیں گے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس کے نام پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرِ قیادت میں 10 ہزار ارب کا خسارہ ریکارڈ ہوا، ایک سو ارب کا گردشی قرضہ چھوڑا گیا، 80 ارب کے چیک باؤنس ہوئے اور 50 ارب کے پرویڈنٹ فنڈ صفر ہوگئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ حکومتی سطح پر ایسا کوئی تاثر نہیں جانا چاہیے کہ عوام کے پیسوں کا بے دریغ استعمال ہورہا ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے چین میں باور کروایا کہ ماحولیاتی تبدیلی اس وقت دنیا بھر میں اہم موضوع اور عالمی رہنماؤں کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ گلیشیئر پگھلنے سے گلوبل وارمنگ اور گرمی کی شدت سے جڑی وجوہات جیسا کہ شجرکاری کی کمی پر توجہ دلائی گئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی یہ خواہش ہے کہ سول سوسائٹی، حکومتی ادارے، میڈیا میں ماحولیاتی تبدیلی کو بنیادی ایجنڈا سمجھا جائے کیونکہ اس کے ساتھ آئندہ نسل کی بقا جڑی ہوئی ہے اور اس میں کوئی کوتاہی نہ کی جائے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ موسمی صورتحال کی وجہ سے کھڑی فصلوں کو پہنچنے والے نقصان پر صوبائی حکومتیں کسانوں کو ریلیف فراہم کریں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ فاٹا خصوصا وانا میں صحت انصاف کارڈ، تعلیم، ملازمتوں کو یقینی بنانا ہے۔

مہمند ڈیم کا سنگِ بنیاد رکھنےکا فیصلہ

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا نے کہا کہ 2 مئی کو مہمند ڈیم کو سنگِ بنیاد رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کو بھی کالا باغ ڈیم بنانے کی کوشش کی گئی، وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمانِ خصوصی ہوں گے، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سمیت تمام اعلیٰ حکام کو مدعو کیا گیا ہے۔

مہمند ڈیم منصوبے کی سنگ بنیاد کی تقریب منسوخ

وفاقی وزیر نے کہا کہ میرے لیے بہت خوشی کی بات ہے کیونکہ میں نے اس کے لیے بہت جدوجہد کی ہے، دیگر ڈیموں پر بھی اسی رفتار سے کام جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میری وزارت سے متعلق دیگر اعلانات بھی 2 مئی کو ہی کیے جائیں گے۔

بعدازاں بریفنگ کو جاری رکھتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت ایک بڑی صنعت کا روپ دھارنے جارہی ہے، اس سے ملک کی ترقی اور خوشحالی جڑی ہے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ وہ قومیں جنہوں نے ترقی کی، انہوں نے عوام دوست اقدامات کرتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کا استقبال کیا، سیاحت میں فروغ سے ہوٹل، فوڈ انڈسٹری اور ٹرانسپورٹ کو فروغ ملے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ٹورازم ڈپارٹمنٹ سے متعلق اصلاحات پیش کرنے پر کابینہ پر زور دیا۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ تبدیلی نظر نہ آنے کی تنقید کی جارہی تھی وہ تبدیلی اب آنے والے دنوں میں اصلاحات کی صورت میں نظر آئے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت اسمبلی میں 36 بل پیش کرنے جارہی ہے جس میں اپوزیشن کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے۔

قومی مفاد کو داؤ پر لگانے والوں کے لیے کوئی رعایت نہیں

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پی ٹی ایم میں ایسے عناصر آگئے جنہوں نے پاکستان کی قومی سلامتی کے خلاف بیرونی آقاؤں کے آشرباد سے منفی، من گھڑت اور بے بنیاد پروپیگنڈے کیے جس سے ہماری قومی سلامتی کو نقصان پہنچا اور پاکستان کے امیج کو خراب کرنے کی سازش کی گئی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ایسی صورتحال میں جو مرکزی سیاسی مصروفیت جاری رکھی، الیکشن کے دنوں میں پاکستان تحریک انصاف نے صرف مقامی قیادت کو یکجا رکھنے کے لیے اپنے امیدوار کھڑے نہیں کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں پی ٹی ایم میں موجود تمام نوجوان پاکستان کے مفاد کے خلاف نہیں لیکن اس تنظیم کی قیادت کے تانے بانے، بین الاقوامی معاونین اور فنانسرز، ہندوستان اور پاکستان کے روایتی ٹکراؤ میں انہیں جگہ فراہم کررہے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ فاٹا کے نوجوان ہماری طاقت ہیں، وہاں کے عوام دہشت گردوں کے ساتھ کھڑے نہیں ہوئے، وہ اپنی جانوں پرکھیل کر انہوں نے پاکستان کے وقار کو بچایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنہوں نے قربانیاں دیں وہ پاکستان کا اثاثہ ہیں اور ہم اس اثاثے کی حفاظت کریں گے لیکن جو ان قربانیوں کو رائیگاں کرنے کےلیے، بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت نوجوانوں کو گمراہ کرنے کے لیے، ورغلانے، پاکستان کے وقار کو داؤ پر لگانے میں مصروف عمل ہیں ان کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ قبائلی علاقوں میں بیٹھا ہر نوجوان پی ٹی ایم نہیں ہے، وہ اس سوچ کے ساتھ نہیں ہے، جو حکمت عملی بتائی گئی، آئندہ دنوں میں سیاسی قیادت قانون نافذ کرنے والے اداروں، سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مل کر اسے میڈیا کے ساتھ مزید واضح انداز میں شیئر کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کے غداروں اور پاکستان کے قومی مفاد کو داؤ پر لگانے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، فوج اور حکومت ایک پیج پر ہیں۔