رشی کپور نے کینسر کو شکست دے دی
اکتوبر 2018 میں اچانک یہ خبر سامنے آئی تھی کہ بولی وڈ کے معروف اداکار رشی کپور خطرناک بیماری میں مبتلا ہوگئے ہیں اور ابتدائی طور پر ان کی بیماری کی تفصیلات نہیں بتائی گئی تھیں۔
رشی کپور فوری طور پر علاج کے لیے اپنی اہلیہ اداکارہ نیتو سنگھ کے ساتھ امریکا منتقل ہوگئے تھے اور ان کے خاندان کی جانب سے بھی کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ خبریں تھیں کہ رشی کپور بھی عرفان خان اور اداکارہ سونالی باندرے کی طرح کینسر کا شکار ہوئے ہیں، تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔
میڈیا میں طرح طرح کی خبریں وائرل ہونے کے بعد رواں برس جنوری میں رشی کپور کے بھائی اداکار رندھیر کپور نے ان کی بیماری کی تصدیق کی تھی، تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں بتایا تھا کہ وہ کینسر میں مبتلا ہیں یا کسی اور مرض کا شکار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: رشی کپور کی بیماری سے متعلق ان کے بھائی کا اہم انکشاف
رندھیر کپور نے بتایا تھا کہ رشی کپور کے امریکا میں ٹیسٹ ہونے ہیں اور ان کا علاج جاری ہے اور انہیں توقع ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر وطن لوٹیں گے۔