سری لنکا:سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، مبینہ ملزم کاخاندان سمیت 15 افرادہلاک
سری لنکا میں سیکیورٹی فورسز نے دعویٰ کیا ہے کہ ’ ایسٹر بم دھماکوں کے مبینہ مرکزی ملزم ظہران ہاشم کے گھر پر سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران والدین، بھائی، بچوں اور خواتین سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے‘۔
پولیس کے مطابق ’ظہران ہاشم کے والد اور دو بھائی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں‘۔
خیال رہے کہ سری لنکا میں بم دھماکوں کے بعد رپورٹس میں کہا گیا تھا کہ مبینہ طور پر کالعدم تنظیم نیشنل توحید جماعت کے سربراہ ظہران ہاشم نے کولمبو کے ہوٹل میں خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا تھا اور وہ بم دھماکوں میں ملوث ہے جبکہ حکام نے غیرملکی تنظیم کے ملوث ہونے کا اشارہ دیا تھا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ظہران ہاشم کے آبائی گھر کٹنکوڈے میں واقع گھر پر چھاپہ مارا۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے پہنچتے ہی متعدد مسلح افراد نے فائرنگ شروع کردی اور اس دوران 3 لوگوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا دیا۔