سری لنکا: پولیس چھاپے کے دوران خودکش حملہ، 6 بچوں سمیت 15 افراد ہلاک
سری لنکا میں سیکیورٹی فورسز کے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ اور مشتبہ دہشت گردوں کے خود کو دھماکے سے اڑانے کے واقعے میں 6 بچوں سمیت 15 افراد ہلاک ہوگئے۔
برطانوی اخبار دی گارجین کی رپورٹ کے مطابق فوجی ترجمان نے بتایا کہ سری لنکا کے مشرقی ساحلی علاقے باٹیکالوا کے قریب امپارہ سینٹمرتھ میں سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کیا۔
21 اپریل کو کولمبو میں گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 250 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ چھاپے کے دوران دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد جوابی فائرنگ میں 4 دہشت گرد اور ایک راہگیر مارا گیا۔
اس سے قبل دیگر دہشت گردوں نے اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑالیا تھا جس کے نتیجے میں 6 بچوں سے سمیت 10 افراد مارے گئے تھے۔
فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں کلیئرنگ آپریشن کے دوران جائے وقوعہ سے وہ آلات بھی ملے ہیں جن کی مدد سے مشتبہ دہشت گرد ویڈیو ریکارڈ کیا کرتے تھے۔
اس کے علاوہ سرلنکن فوج نے جائے حادثہ سے داعش کا جھنڈا اور ان وردیوں کے ملنے کا دعویٰ بھی کیا ہے جنہیں داعش کے جنگجو پہنتے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ملٹری ترجمان کی جانب سے بیان سامنے آیا تھا کہ امپارہ سینٹمرتھ میں دھماکے کی آوازیں سننے کے بعد جب سپاہی تحقیقات کے لیے وہاں پہنچے تو ان پر فائرنگ کی گئی۔
مزید پڑھیں: ’ضرورت پڑی تو دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی مدد طلب کریں گے‘