’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کاپی کیس: فریقین 30 اپریل کو طلب
لاہور ہائی کورٹ نے آنے والی ایکشن فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا نام، ڈائلاگ، کردار اور موسیقی چوری کرنے کے کیس میں فلم کی ٹیم اور ان پر کیس کرنے والی ٹیم کے وکلاء کو دلائل کے لیے 30 اپریل کو طلب کرلیا۔
ماہرہ خان، حمزہ علی عباسی اور فواد خان کی آنے والی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹیم پر فلم کا نام، ڈائلاگ اور کردار چوری کرنے کا کیس ’مولا جٹ‘ کے نام سے آنے والی پاکستان کی پہلی فلم کے پروڈیوسر سرور بھٹی اور ان کے بیٹے متقی بھٹی نے کیس کر رکھا ہے۔
محمد سرور کی درخواست پر ہی لاہور ہائی کورٹ میں مولا جٹ کا ٹائٹل، ڈائیلاگ، کردار اور نام استعمال کرنے کے حوالے سے سماعت ہوئی۔
کیس کی سماعت جسٹس امین الدین خان نے کی، سرور بھٹی کی جانب سے ایڈووکیٹ احسن مسعود عدالت میں پیش ہوئے۔
سرور بھٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بلال لاشاری نے غیر قانونی طور پر فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ بنائی ہے، اور اس فل؛م میں پرانی فلم ’مولا جٹ‘ کا نام، کردار اور ڈائیلاگس کو استعمال کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی مشکلات کا آغاز
وکیل درخواست گزار نے عدالت کو آگاہی دی کہ ’مولا جٹ‘ فلم کے تمام کاپی رائٹس اور ٹریڈ مارک ان کے مؤکل کے پاس ہیں اور بغیر اجازت مولا جٹ فلم کا ٹائٹل، ڈائیلاگ اور کریکٹر استعمال کیے جارہے ہیں۔