پاکستان

چینی سفیر نے اسد عمر کو ’دیانت دار‘ کا لقب دے دیا

اسد عمر نے چینی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سچ کے لیے وقت آنے پر ہم سب ایک ساتھ ہوتے ہیں۔

اسد عمر کا وزیر خزانہ کے عہدے سے مستعفی ہونے کے چند روز بعد ہی پاکستان میں چینی سفیر لی جیان ژاؤ نے ٹوئٹر پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کو ’دیانت دار‘ کا لقب دے دیا۔

ژاؤ نے اسد عمر کے بی بی سی نیوز کے پروگرام ہارڈ ٹاک کو دیے گئے انٹرویو کی کلپ شیئر کی جس میں انہوں نے مغربی حکمرانوں کا پاکستان کے سعودی عرب اور چین سے تعلقات پر تنقید کا جواب دیا تھا۔

ویڈیو کے ساتھ چینی سفیر نے اسد عمر کا نام لیتے ہوئے لکھا ’دیانت دار، جو سچ بولنے کی جرات رکھتا ہے‘۔

ویڈیو میں ٹرمپ انتظامیہ کے آئی ایم ایف سے بیل آؤٹ پیکج پر تحفظات کے حوالے سے سوال کے جواب میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ 'ہمیں چین کا قرض ادا کرنا ہے آخر اس کی فکر امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کو کیوں ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں چین کا سب سے بڑا مقروض امریکا ہے جسے 13کھرب ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے، جبکہ پاکستان پر چینی قرض، مجموعی قرض کا محض 10فیصد ہے۔

چینی سفیر کے ٹویٹ پر رد عمل دیتے ہوئے اسد عمر نے چین کے معاشی ماڈل کو غلط قرار دینے والے ناقدین کو ہی غلط ثابت کرنے پر تعریف کی۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم برسوں سے سنتے آرہے ہیں کہ چینی ماڈل غلط ہے اور ناکام ہوگا لیکن ہمیں فخر ہے کہ چین نے ان سب کو غلط ثابت کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’سچ کے لیے وقت آنے پر ہم سب ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں‘۔