بھارت میں تعصب کا شکار مسلمانوں سے سوارا بھاسکر کی معافی
بولی وڈ اداکارہ نے بھارت میں جاری عام انتخابات کے دوران مسلمانوں کے خلاف جارحانہ رویے کے خلاف آواز اٹھالی۔
بھارت میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز رویے میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، خاص طور پر اس وقت جاری عام انتخابات کے دوران ایسے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا۔
جہاں اس رویے پر بولی وڈ انڈسٹری کی شخصیات خاموش ہیں، وہیں اداکارہ سوارا بھاسکر نے بھارت میں موجود مسلم اقلیت کی حمایت میں آواز اٹھائی ہے۔
بولی وڈ اداکارہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے بھارت میں موجود مسلم اقلیت سے معافی بھی مانگی۔
سوارا بھاسکر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں بھارت میں موجود مسلمانوں سے معافی مانگتی ہوں، اس جارحانہ رویے کے لیے اور تعصب کے لیے جو انہیں اس اتنخابات کے دوران برداشت کرنا پڑا، یہ آپ کا ملک ہے اس جارحانہ رویے پر خاموش نہ رہیں، اس کے خلاف آواز اٹھائیں‘۔