مشیر خزانہ کی آئی ایم ایف حکام سے بیل آؤٹ پیکج پر بات چیت
اسلام آباد: وزیر اعظم کے نومنتخب مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ پاکستان کے لیے بیل آؤٹ پیکج پر جاری بات چیت کے لیے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے سینئر حکام سے بات چیت کی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے باضابطہ اعلان کے مطابق عبدالحفیظ شیخ نے پاکستان میں آئی ایم ایف مشن کے سربراہ ارنیستو ریمیریز ریگو اور آئی ایم ایف ڈائریکٹر جہاد آزور سے فون پر بات کی۔
مزید پڑھیں: عبدالحفیظ شیخ وزارتِ خزانہ کے امور اسد عمر کی طرح چلانے کے خواہشمند
بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے پاکستان کے لیے آئی ایم ایف پروگرام پر گفتگو کی جس میں بات چیت آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئی ایم ایف کا مشن اپریل کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔
اس سے قبل رپورٹر سے پہلی مرتبہ گفتگو کرتے ہوئے مشیر خزانہ نے کہا تھا کہ وہ آئی ایم ایف سے بات چیت اگے لے کر جائیں گے، دونوں فریقین بات چیت آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور ان کا ہمارے ساتھ وعدہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگلے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے وزارت خزانہ کے حکام سے بات چیت کر چکے ہیں اور ان سے کہا ہے کہ وہ معیشت کے لیے درمیانی مدت کی حکمت عملی تیار کریں۔
انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ یہ کام مہینے کے آخر تک کر سکیں گے۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگلے مالی سال کا بجٹ 24 مئی تک پیش نہیں کیا جا سکے گا۔
پیپلز پارٹی کی سابق حکومت میں وزیر خزانہ اور سابق آمر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور میں وزیر نجکاری کے فرائض انجام دینے والے عبدالحفیظ شیخ کو جمعرات کو وزیر خزانہ اسد عمر کے مستعفی ہونے کے بعد مشیر خزانہ نامزد کیا گیا تھا۔
یہ خبر 21اپریل 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔