پاکستان

پنجاب کابینہ میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں، وزیر اطلاعات

چیف ایگزیکٹو صوبے کا ہو یا ملک کا اسے اپنی ٹیم میں تبدیلی کرنے کا حق حاصل ہے، صمصام بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری کا کہنا ہے کہ پنجاب کابینہ میں فی الحال وزرا کی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے ۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کے بعد لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب صمصام بخاری نے کہا کہ اجلاس میں رمضان پیکج، صوبے میں جاری حالیہ بارشوں اور موسمیاتی تبدیلی پر توجہ مرکوز کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب اینیمل ہیلتھ بل، صحت، پاپولیشن ویلفیئر پروگرامز کی منظوری دی گئی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہ پنجاب سیلز ٹیکس کے سروسز ایکٹ میں کچھ تبدیلیاں کی گئی ہیں۔

صمصام بخاری نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019 کی منظوری دے دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: صمصام بخاری نے وزیر اطلاعات پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھالیا

ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوشن ریفارمز ایکٹ اور رمضان پیکج کی منظوری دی گئی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ رمضان پیکج کو بہتر بنانے سے متعلق اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا۔

صمصام بخاری نے کہا کہ رمضان المبارک میں صوبے بھر میں 3 سو 9 بچت بازار اور 2 ہزار دسترخوان لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمضان پیکج میں سبسڈی سے عام آدمی کو دیا جانے والا ریلیف نظر آئے گا اور ان کے لیے آسانی پیدا ہوگی۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کوشش کی جائے گی کہ جو لوگ رمضان بازار میں نہیں جاتے تو عام بازار میں بھی ان کے لیے آسانی ہو۔

صمصام بخاری نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے انجینئرز کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزرا، معاون خصوصی اور مشیران خصوصی طور پر رمضان میں اور اس سے قبل تعلیم، صحت اور عوام کو جو بھی تکالیف درپیش ہوں گی، ان کو دور کرنے کے لیے اپنے اضلاع کا دورہ کرسکیں گے اور کسی کوتاہی کے سلسلے میں کارروائی کرنے کے مجاز ہوں گے اور وزیراعلیٰ کو اس کی رپورٹ پیش کریں گے۔

پنجاب کابینہ میں وزرا کی تبدیلی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب میں فی الحال وزرا کی تبدیلی سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہیں اور وزیر اعلیٰ اس حوالے سے کوئی بھی تبدیلی کرنا چاہیں تو کرسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کی صحافیوں سے بدتمیزی

صمصمام بخاری نے کہا کہ وزرا کی کارکردگی کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو دی جاتی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو صوبے کا ہو یا ملک کا اسے حق حاصل ہے کہ وہ اپنی ٹیم میں تبدیلی کرے۔

وزیر خزانہ کے استعفی پر قیاس آرائیوں سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی انسان اپنی جماعت تبدیل کرکے آتا ہے تو اس کی رائے کچھ اور ہوتی ہے اور ناقدین کی رائے کچھ اور ہوتی ہے، جو تحریک انصاف میں ہے وہ پارٹی کا حصہ ہے، اسد عمر نے کوئی اور وزارت لینا مناسب نہیں سمجھا ان چیزوں کو توڑنے مروڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ بریگیڈیئر اعجاز شاہ بہت قابل ہیں، فردوس عاشق اعوان وزرات اطلاعات سنبھال چکی ہیں تو مجھے نہیں لگتا کہ اس میں کوئی مسئلہ ہے، یہ پارٹی کا فیصلہ ہے۔