وفاقی کابینہ ارکان کی نئی فہرست جاری، اسد عمر اور عامر کیانی وزیر برقرار
وزرا اور مشیران کی اس فہرست میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا نام شامل نہیں ہے۔
اسلام آباد: وفاقی کابینہ میں گزشتہ روز بڑی تبدیلیوں کے باوجود مستعفی وزیرِ خزانہ اسد عمر اور وزیرِ صحت عامر محمود کیانی بدستور اپنے عہدوں پر موجود ہیں۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے عمران خان کی کابینہ میں ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس میں وزیرِ خزانہ اور وزیرِ صحت کی تبدیلی کا ذکر موجود نہیں ہے اور دونوں وزرا کے نام بدستور نئی فہرست میں موجود ہیں۔
وزارر اور مشیران کی نئی فہرست کے مطابق گزشتہ روز اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے والے وزیرِ خزانہ اسد عمر اب بھی اپنے عہدے پر موجود ہیں جبکہ عامر محمود کیانی وزیر صحت کے عہدے پر برقرار ہیں۔
اسی طرح وزرا اور مشیران کی اس فہرست میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا نام شامل نہیں ہے جبکہ ظفر اللہ مرزا کی وزیراعظم کے مشیر برائے صحت کی تعیناتی کا ذکر موجود ہے۔