بدین: تیز رفتار بس الٹنے سے 8 افراد جاں بحق
زخمیوں میں زیادہ تر افراد کی حالت تشویشناک ہے, جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی اکثریت کا تعلق تھرپارکر سے ہے، حکام
سندھ کے ضلع بدین کے نزدیک فتح آباد کے مقام پر مسافر بس الٹ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد موقع پر جاں بحق اور 40 مسافر زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق حادثہ تیر رفتاری کے باعث پیش آیا، مذکورہ بس تھرپارکر کے علاقے مٹھی سے کراچی جارہی تھی جو تیز رفتاری کے باعث الٹ گئی۔
حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بدین میں قائم انڈس ہسپتال پہنچایا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہیں تاہم زخمیوں میں زیادہ تر افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان: مسافر وین اور ٹرک میں تصادم، 11 افراد جاں بحق
حکام کے مطابق حادثے کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق ضلع تھرپارکر سے ہے جبکہ مرنے والوں میں بس کا ڈرائیور اور کلینر بھی شامل ہے۔