’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے خلاف سماعت 25 اپریل کو ہوگی
لاہور ہائی کورٹ نے آنے والی پاکستانی فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے خلاف رواں ماہ 25 اپریل کو سماعت کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ریلیز کے خلاف 1979 میں ریلیز ہونے والی فلم ’مولا جٹ‘ کے پروڈیوسر محمد سرور بھٹی اور ان کے بیٹے متقی بھٹی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔
لاہور ہائی کورٹ نے محمد سروراور متقی بھٹی کی درخواست پر ہی ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹیم کو تاحکم ثانی فلم کو ریلیز کرنے سے روک دیا تھا۔
گزشتہ ماہ 18 مارچ کو متقی بھٹی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ئی فلم کی ٹیم غیر قانونی طور پر کسی اجازت کے بغیران کی بنائی گئی فلم کا نام استعمال کر رہی ہے۔
متقی سرور کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی ٹیم ان کی فلم کا نام، ڈائلاگ اور کرداروں کے نام استعمال نہیں کر سکتی۔
# یہ بھی پڑھیں: دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی مشکلات کا آغاز
عدالت سے درخواست کی گئی تھی کہ ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو غیر قانونی قرار دے کر اس کی نمائش کو روکنے کا حکم دے۔