ریزہ ریزہ ہوتا حیدرآباد کا پکا قلعہ
اس قلعے سے جڑے کئی تاریخی واقعات بھی تاریخ کے ان اوراق میں درج ہیں، جن کے بغیر سندھ کی تاریخ نامکمل ہے۔
ریزہ ریزہ ہوتا حیدرآباد کا پکا قلعہ
تحریر و تصاویر: اختر حفیظ
بچپن میں اپنے بڑوں سے جب بھی کہانیاں سنا کرتے تو ان میں محل کا ذکر ضرور ہوتا تھا، جہاں کوئی رانی رہتی تھی، کوئی بادشاہ حکم صادر کرتا تھا یا پھر شہزادی کو کوئی جن قید کرلیتا تھا اور کوئی بہادر نوجوان اسے آزاد کرانے کے جتن کرتا تھا۔
بچپن میں ہمارے لیے یہ ایک تصوراتی دنیا تھی۔ مگر محل اور قلعے کیسے ہوتے ہیں، انہیں جب اپنی کھلی آنکھوں سے دیکھا تو وہ ہمارے بچپن کے تصور کی حقیقی تصویر ہی معلوم ہوئے۔
آج قلعے بادشاہوں اور ملکاؤں سے خالی ہیں مگر پھر بھی یہ ہمیں اس زمانے کی یاد ضرور دلاتے ہیں جب یہ آباد تھے اور یہاں سے حکم صادر کیے جاتے تھے یا کسی فریادی کی فریاد سنی جاتی تھی۔