پیرس میں 8 صدیوں پرانے گرجا گھر میں آتشزدگی
آتشزدگی کے باعث گرجا گھر کی چھت تباہ ہوگئی، 400 فائر فائٹرز نے 9 گھنٹے کی طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔
فرانس: پیرس کے ساڑھے 800 سالہ قدیم نوٹرے ڈیم گرجا گھر میں لگنے والی آگ پر طویل جدوجہد کے بعد قابو پالیا گیا۔
فرانسیسی خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق نوٹرے ڈیم گرجا گھر میں لگنے والی آگ نے چھت اور مینار کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے صدیوں پرانے انمول ورثے کو نقصان پہنچا۔
گرجا گھر میں لگنے والی آگ کو ہزاروں فرانسیسی اور سیاحوں نے قریبی گلیوں سے دیکھا جبکہ واقعے کے فوری بعد پولیس نے علاقوں کے گھیرے میں لے لیا اور حکام نے قیمتی ورثہ ضائع ہونے سے بچانے اور شعلوں کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے کوشش کی۔
تاہم خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں یونیسکو کی جانب سے عالمی ورثہ قرار دیے گئے 850 سالہ قدیم گرجا گھر کی چھت تباہ ہوگئی۔