سعودی عرب: آئندہ 3 ماہ کے لیے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ
ملک میں بینزین 91 پیٹرول کی قیمت 1.44 ریال فی لیٹر جبکہ بینزین 95 پیٹرول کی قیمت 2.10 ریال فی لیٹر مقرر کردی گئی۔
عرب ریاستوں کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بعد سعودی عرب نے بھی پیٹرول کے نرخ بڑھا دیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودیہ کی سرکاری پیٹرولیم کمپنی آرامکو کے مطابق ملک میں بینزین 91 پیٹرول کی قیمت 1.44 ریال (54.30 روپے) فی لیٹر جبکہ بینزین 95 پیٹرول کی قیمت 2.10 ریال (79.17 روپے) فی لیٹر کردی گئی۔
سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی رپورٹ کے مطابق پیٹرول کی قیمتوں میں مذکورہ اضافے کا اطلاق 14 اپریل سے کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: سعودی عرب: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ
یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال کی دوسری سہ ماہی کے لیے ڈیزل کی قیمت 0.47 ریال (17.71 روپے) فی لیٹر، مٹی کے تیل کی قیمت 0.64 ریال (24.12 روپے) فی لیٹر اور ایل پی جی کی قیمت 0.75 ریال (28.27 روپے) فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔