’سابق شوہر کی جانب سے دائر کیا گیا ہتک عزت کا دعویٰ خارج کیا جائے‘
ہولی وڈ اداکارہ امبر ہیرڈ نے سابق شوہر کی جانب سے اپنے خلاف دائر کیے گئے دعوے کے خلاف درخواست دائر کردی۔
ہولی وڈ اداکارہ امبر ہیرڈ نے امریکا کی مقامی عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ان کے خلاف سابق شوہر کی جانب سے دائر کیا گیا ہتک عزت کا دعویٰ خارج کیا جائے۔
خیال رہے کہ 32 سالہ امبر ہیرڈ پر ان کے سابق شوہر 55 سالہ جونی ڈیپ نے امریکی ریاست ورجینیا کے شہر فیئرفیکس کی عدالت میں 5 کروڑ کا ہتک عزت کا دعویٰ دائر کر رکھا ہے۔
جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ کے خلاف گزشتہ برس دسمبر میں اس وقت دعویٰ دائر کیا تھا جب امبر ہیرڈ نے سابق شوہر کے خلاف معروف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ میں ایک مضمون لکھا تھا۔
امبر ہیرڈ کی جانب سے لکھے گئے طویل مضمون میں کئی الزامات عائد کیے گئے تھے اور دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں ان کے سابق شوہر نے شادی سے قبل اور شادی کے دوران بدترین تشدد اور نامناسب سلوک کا نشانہ بنایا۔