پاکستان

کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کی زد میں

دھماکا صبح سویرے ہوا جس وقت سبزی منڈی میں پھلوں اور سبزیوں کی خریداری کے لیے کافی تعداد میں لوگ موجود تھے، رپورٹ

صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی میں قائم سبزی منڈی میں دھماکے سے 20 افراد جاں بحق اور 48 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈی آئی جی کے مطابق آلو کی دکان سے سامان گاڑیوں میں لوڈ کرتے ہوئے دھماکا ہوا جبکہ دھماکا خیز مواد آلو کی بوریوں میں چھپایا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق دھماکا صبح سویرے ہوا اور اُس وقت منڈی میں کافی تعداد میں لوگ موجود تھے، دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔

دھماکے کے بعد پولیس، سیکیورٹی اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے اور علاقے کو خالی کروا کر لوگوں کی آمدو رفت پر پابندی لگادی جبکہ لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔