دنیا

’ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ووٹ نہیں دیں‘،کسان کا خودکشی سے قبل پیغام

حکومت نے 5 سال میں کسانوں کو تباہ کردیا ہے،یہ ہر شخص کو چائے بیچنے پر مجبور کردیں گے، بھارتی کسان

بھارتی ریاست اترکھنڈ کے ضلع ہردوار کے گاؤں میں کسان نے خودکشی سے قبل آخری پیغام میں لکھا کہ ’ بھارتیہ جنتا پارٹی کو ووٹ نہیں دیں‘۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ہردوار کے گاؤں دادکی میں ایشور چند شرما نامی 65 سالہ کسان نے آج صبح زہر پی کر خودکشی کرلی۔

خودکشی سے قبل آخری پیغام میں کسان نے لکھا کہ ’ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے 5 سال میں کسانوں کو تباہ کردیا ہے، انہیں ووٹ نہیں دیں ورنہ وہ ہر شخص کو چائے بیچنے پر مجبور کردیں گے‘۔

مزید پڑھیں: مودی کا کشمیریوں کے خصوصی حقوق ختم کرنے اور ایودھیا میں مندر کی تعمیر کا وعدہ

تاہم پولیس اب تک اس پیغام کی حقیقت کی تصدیق کی کوشش کررہی ہے۔

خودکشی سے قبل لکھے گئے پیغام میں ایشور شرما نے الزام عائد کیا کہ ایک شخص نے بینک سے 5 لاکھ روپے قرض لینے میں مدد کی تھی، وہ انہیں پیسوں کے لیے بلیک میل کررہا تھا۔

کسان نے لکھا کہ قرض کے لیے درخواست دیتے ہوئے ضمانتی کے طور پر دستخط کرنے والے شخص کے نام ایک بلینک چیک دیا تھا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ بینک کو رقم لوٹانے کے بعد اس شخص نے چیک کا استعمال کرتے ہوئے ان کے اکاؤنٹ سے فصل بیچنے کے بعد موصول ہونے والی رقم نکالنے کی دھمکی تھی۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر لکسروریندرا سنگھ نے کہا کہ ’ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ خودکشی کرنے والے کسان نے ایک شخص کی مدد سے بینک سے 5 لاکھ روپے کا قرضہ لیا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ’ کسان نے خودکشی سےقبل آخری بیان میں الزام عائد کیا کہ وہ شخص ان سے 4 لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کررہا تھا‘۔

اسٹیشن ہاؤس آفیسر نے کہا کہ اس بات سے متعلق تحقیقات جاری ہیں کہ یہ پیغام کسان نے لکھا تھا یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ’مخالف جماعتیں ووٹ کیلئے مسلمانوں کے عدم تحفظ کا سہارا لے رہی ہیں‘

بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر سوریاکانت دھاس مانا نے کہا کہ ’ یہ افسوسناک ہے کہ مودی نے اپنے منشور میں کسانوں کی مالی مدد کا اعلان کیا، اور لکسر میں ان کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے کسان نے خودکشی کرلی‘۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان دیویندار بھاسن نے کانگریس کے الزامات کو مسترد کردیا۔

خیال رہے کہ بی جے پی نے انتخابی منشور میں چھوٹے کسانوں کے لیے پنشن اسکیم اور دیگر مالی سہولیات فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے لیکن کانگریس نے منشور کو کسان مخالف قرار دیا تھا۔

واضح رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز 11 اپریل سے ہوگا جو 19 مئی تک جاری رہے گی، ووٹوں کی گنتی 23 مئی کو کی جائے گی اور اسی دن نتائج کا اعلان بھی کیا جائےگا۔