پاکستان

کراچی: آئل ٹینکر کے حادثے کے باعث فیکٹری میں آتشزدگی

ٹینکر میں تکنیکی خرابی کے سبب حادثہ پیش آیا، کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
|

کراچی کے علاقے شیرشاہ میں آئل ٹینکر حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں قریب ہی موجود کپڑے کی فیکٹری سمیت متعدد گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں جل کر خاکستر ہوگئیں۔

شیرشاہ میں گل بائی پل پر آئل ٹینکر ٹریفک حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں پل کے نیچے موجود کپڑے کی فیکٹری میں آگ لگ گئی۔

مزید پڑھیں: کوہاٹ: مسافر کوچ اور ٹینکر میں تصادم، 18 افراد جاں بحق

ڈی آئی جی ٹریفک جاوید میر نے بتایا کہ آئل ٹینکر تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا جس کی وجہ سے اس سے نکلنے والا تیل پل کے نیچے موجود فیکٹری میں جا گرا اور اس میں آگ بھڑک اٹھی۔

انہوں نے تصدیق کی کہ حادثے کے نتیجے میں کسی بھی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور ڈرائیور نے ٹینکر سے کود کر جان بچھائی البتہ قریب ہی موجود 5 گاڑیاں اور متعدد موٹر سائکلیں بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔

ٹینکر سے تیل بہنے کے باعث بھی آگ لگ گئی جس سے علاقے میں دھویں کے بادل چھا گئے اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کی مدد سے پل اور فیکٹری میں لگی آگ کو بجھایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایبٹ آباد میں ٹریفک حادثات، 13 افراد ہلاک

ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ آئل ٹینکر اور واٹر ٹینکر کا ٹائم فکس نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ ملک بھر میں تیل کی ترسیل کا کام کرتے ہیں اور پابندی کی صورت میں ملک بھر میں تیل کا بحران پیدا ہو جائے گا۔

بعد ازاں ٹینکر میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا جبکہ ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ ٹینکر میں ابھی بھی ڈیزل موجود ہے جسے ماہرین کی مدد سے خالی کروایا جا رہا ہے۔

جاوید میر نے کہا کہ ٹینکر خالی ہو جائے گا تو اسے روڈ سے ہٹانا ممکن گا اور سڑک کو مکمل طور پر خشک کرنے کے بعد ٹریفک کے لیے کھولا دیا جائے گا۔