چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سندھ میں کوئلے کی دولت سے مالا مال علاقے تھر میں 330 میگا واٹ کے 2 بجلی گھروں کا افتتاح کردیا۔
افتتاح کے لیے بلاول بھٹو تھر کول فیلڈ میں نئی سینگیڑی گاؤں پہنچےجہاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سندھ کابینہ کے اراکین، ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی اور چیف سیکریٹری سندھ نے ان کا استقبال کیا۔
منصوبے کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے پروجیکٹ ڈائریکٹر فیصل شفیق نے بتایا کہ تھر کول منصوبہ 4اپریل 2016 کو شروع کیا تھا جس کی تکمیل میں 36 ماہ لگے اس میں330 میگا واٹ کے 2 یونٹ ہیں، ایک مکمل ہے اور ایک کا افتتاح آج کیا گیا جبکہ دونوں یونٹ واپڈا سے منسلک اور نیشنل گرڈ سے منسلک ہیں۔